ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / شکست سے بی جے پی کے حوصلے پست نہیں ہوئے: یڈیورپا

شکست سے بی جے پی کے حوصلے پست نہیں ہوئے: یڈیورپا

Wed, 07 Nov 2018 19:02:12  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو۔7؍نومبر(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نتیجے سے وہ حوصلہ شکن نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریاست میں حکمران اتحاد نے اقتدار کے بے جا استعمال سے یہ جیت حاصل کی ہے۔ صرف اس لئے کہ چار حلقوں میں بی جے پی ہار گئی وہ اگلے انتخابات کے لئے کمزور نہیں ہوگی، بلکہ اور بھی جوش کے ساتھ اس ہار کو جیت میں بدلنے کی کوشش کرے گی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی چار حلقوں میں اپنی ناکامی کا محاسبہ ضرور کرے گی۔ پانچ حلقوں کے عوام نے جو فرمان دیا ہے بی جے پی اس کے آگے سرنگوں ہے، لیکن ان انتخابات میں حکمران اتحاد نے جس طرح پیسے اور شراب کو فراوانی کے ساتھ تقسیم کیا یہی اس اتحاد کی جیت کاسبب بنی۔ انہوں نے کہاکہ بلاری اور جمکھنڈی میں اگر بی جے پی جیت جاتی تو شاید وہ مطمئن ہوتے، اس کے علاوہ شیموگہ میں انہیں بھاری فرق سے کامیابی کا یقین تھا لیکن جے ڈی ایس کی طرف سے کی گئی انتخابی دھاندھلیوں کے نتیجے میں اس پارٹی کے امیدوار کو زیادہ ووٹ ملے ہیں، یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ کانگریس اور جے ڈی ایس سیاسی سازشیں رچانے میں ماہر ہیں۔ یڈیورپا نے کہاکہ اس اتحاد نے ریاست میں جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے، رام نگرم میں جے ڈی ایس نے جس طرح جمہوریت کا قتل کیا ہے یہ عوام پر ظاہر ہے۔ یڈیورپانے کہاکہ عنقریب اپنا ریاست گیر دورہ شروع کریں گے اور لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی کی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔


Share: